پاکستان نے نمیبیا کو بھی شکست دیدی، مسلسل چوتھی فتح کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ون پوزیشن برقرار

اسلام آباد(پی این آئی)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے میچ میں پاکستان کے190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی بیٹنگ جاری ہے۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 2 وکٹوں پر 189رنز بنائے ۔ محمد رضوان ناقابل شکست 79 اور بابر اعظم 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ابوظبی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نمیبیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ قومی ٹیم نے چوتھے میچ میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی۔پاکستان کی پہلی وکٹ 113 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔واضح رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی یہ تیسری نصف سنچری ہے۔پاکستان ٹیم کا اسکور 122 رنز پہنچا تو فخر زمان بھی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،جس کے بعد محمد رضوان اور محمد حفیظ کے درمیان 67 رنز کی شراکت داری بنی ۔محمد رضوان 79 اور محمد حفیظ 33رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ رضوان نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کیرئیر کی 10 ویں نصف سنچری اسکور کی۔نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور جین فریلنک نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نمیبیا کے خلاف میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑا۔

بابر اعظم بطور کپتان سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکور کرنے والے پلیئر بن گئے، انہوں نےمجموعی طور پر 14 ففٹی پلس اسکور بطور کپتان بنائے۔پاکستان کے محمد رضوان اور بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ سنچری شراکت بنانے والے پلیئر بن گئے۔دونوں کے درمیان نمیبیا کے خلاف میچ کے دوران پانچویں سنچری شراکت بنی۔پاکستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پہلی وکٹ 8 رنز پر گری۔مائیک وان 4 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔نمیبیا کا اسکور 55 رنز پہنچا تو اسٹیفن بارڈ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔نمیبیا کی تیسری وکٹ 83 رنز پر گری ،کپتان اراسمس 15 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بنے جبکہ کریگ ویلئمز 40 رنز بناکر شاداب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔واضح رہے کہ پاکستان گروپ 2 میں مسلسل 3 میچز میں کامیابی حاصل کرکے 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ نمیبیا 2 میں سے ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔

close