لاہور میں گٹر کی صفائی کے دوران 2 سگے بھائی جاں بحق

لاہور ( آئی این پی) لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ غازی چوک کے قریب گٹر کی صفائی کے دوران واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی ( واسا ) کے 2 ملازم جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق دونوں مزدور صفائی کے لئے گٹر میں اترے، زہریلی گیس بھرنے کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں سگے بھائی ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیمیں جائے حادثہ پرپہنچ گئیں اور مزدوروں کی لاشیں مین ہول سے نکال کرقریبی ہسپتال منتقل کردیں ۔ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ واسا اہلکارجومین ہولزمیں اتر کر صفائی ستھرائی کا کاکام کرتے ہیں واسا کی جانب سے انہیں کوئی حفاظتی کٹ تک مہیا نہیں کی جاتیں جس کی وجہ سے ایسے افسوسناک حادثات پیش آتے ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ جب سے شروع ہوا ہے لاہور میں مین ہولز کی صفائی پرزیادہ توجہ نہیں دی جا رہی اس لئے جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں، گٹر ابل رہے ہیں ۔غازی روڈ پرجہاں حادثہ پیش آیا وہاں مین ہول کے قریب ہی کوڑے کرکٹ اورغلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی و جہ سے بدبو پورے علاقے میں تعفن پھیلا رہی ہے جس سے علاقہ مکین سخت پریشان ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے برسات کی وجہ سے کوڑے کرکٹ کی بدبو نے ان کا جینا محال کر رکھاہے ،بچے، بڑے اوربوڑھے بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔

close