بتائیں شوہر سے بیوی کی ملاقات سے حکومت کو کیا خطرہ ہے، عدالت نے پرویز الہٰی کی بیگم کی ملاقات کے حوالے سے سوال کر دیا

لاہور ( آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کے لئے دائر درخواست پر ایڈیشنل ہوم سیکرٹری سے جواب طلب کر لیا۔ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ایڈیشنل ہوم سیکرٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج ( منگل ) جواب طلب کر لیا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ نظربندی سزا کے طور پر نہیں ہوتی، ریاست کو عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، ریاست کے رولز ملاقات کی اجازت دیتے ہیں۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں شوہر سے بیوی کی ملاقات سے حکومت کو کیا خطرہ ہے، آپ ملاقات کے لئے بنائی گئی لسٹ پر نظرثانی کر سکتے ہیں۔سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ درخواست گزار نے ملاقات کے لیے درخواست ہی نہیں دی۔بعد ازاں عدالت نے ایڈیشنل ہوم سیکرٹری سے جواب طلب کرتے ہوئے پرویز الٰہی سے ملاقات کے لئے درخواست پر سماعت آج بروز منگل تک ملتوی کر دی۔

close