عوام کو مہنگائی کے سمندر میں غرق کرکے سیاسی چور لندن چلے گئے، شیخ رشید پھربول پڑے

راولپنڈی (انٹرنیوز)سربراہ اے ایم ایل نے کہاہے کہ پہلی بار کوئی سیاسی پارٹی نہیں مہنگائی، بجلی کی قیمتیں عوام کوسڑکوں پرلارہی ہیں،قانون مذاق بن کر رہ گیا ہے، عدالتی فیصلوں کو کوئی نہیں مان رہا، عوام کو مہنگائی کے سمندر میں غرق کرکے سیاسی چور لندن چلے گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ڈالر کی ٹرپل سنچری کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی بھی ٹرپل سنچری ہو گئی ہے، جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 331روپے کا ہوگا تو بجلی کا بل، کھانے کا تیل اور گاڑی کا تیل مہنگا ہوگا، جتنی روپے کی قدر گرے گی اتنی مہنگائی بڑھے گی۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ سیاسی نہیں رہا، اقتصادی و معاشی ہوگیا ہے،

عوام کا نام ریاست ہے اور عوام ہی مہنگائی سے پگھل گئی ہے، الیکشن کب ہوتے ہیں کسی کو معلوم نہیں لیکن مہنگائی جس طرح بڑھ رہی ہے گھر گھر میں اس کی پکار ہے، گھروں میں مہنگائی کے ہاتھوں صف ماتم بچھی ہوی ہے کوئی روکنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں، وہ کہتی ہیں معلوم نہیں تھا حالات اتنے خراب ہیں، نہ بیوروکریسی کام کر رہی ہے نہ آئی ایم ایف بات مان رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار کوئی سیاسی پارٹی نہیں مہنگائی، بجلی کی قیمتیں عوام کوسڑکوں پرلارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہ سرمایہ کاری نہ ترسیلات، کارخانہ داری نہ دکان داری ہے،صرف ڈالر پر سٹہ بازی چل رہی ہے،

اللہ کو معلوم ہے اس مہنگائی اور بیروزگاری کا حل کس کے پاس ہے، کسی کا فیصلہ کوئی نہیں مان رہا، آئین اور قانون مذاق بن کر رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مسائل کے سمندر میں غرق کرکے معاشی و سیاسی چور لندن چلے گئے ہیں، ایم پی او تھری اور ایم پی او 16کی لوٹ سیل لگی ہوئی ہے،عدالتوں کے فیصلوں کو کوئی نہیں مان رہا۔

close