ڈرائیونگ لائسنس کا نظام مزید آسان بناتے ہوئے ارجنٹ فیس مکمل طور پر ختم کردی، تمام شہریوں کو ریگولر فیس پر ہی ترجیحی بنیادوں پر سہولت ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا نظام مزید آسان بناتے ہوئے ارجنٹ فیس مکمل طور پر ختم کر دی ہے، جبکہ باقاعدہ (ریگولر) لائسنس کی تیاری کا دورانیہ بھی دو ہفتوں سے کم کر کے صرف تین دن کر دیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی ہدایت پر یہ انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے تاکہ لائسنس کے حصول کے عمل کو تیز اور شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ آسان بنایا جا سکے۔
اب شہریوں کو اپنا لائسنس جلدی حاصل کرنے کے لیے کوئی اضافی (ارجنٹ) فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، تمام شہریوں کو ریگولر فیس پر ہی ترجیحی بنیادوں پر سہولت ملے گی۔
نئی پالیسی کے تحت درخواست گزار اب بغیر کسی اضافی چارجز کے محض 2 سے 3 دنوں کے اندر اپنا ڈرائیونگ لائسنس براہِ راست اپنے گھر پر وصول کر سکیں گے، اس کے لیے فارم پر اپنا گھریلو پتہ درج کرنا ہوگا۔





