پاکستان کا سلامتی کونسل میں سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ، یمن تنازع کے سفارتی اور سیاسی حل پر زور

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
سلامتی کونسل میں یمن کی صورتِ حال پر ماہانہ بریفنگ کے دوران پاکستانی مندوب نے کہا کہ مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اس کے تحت متعلقہ کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کو اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی حمایت کا یقین بھی دلایا۔
عاصم افتخار احمد نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے مسلسل حملوں، تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات، تعز اور باب المندب کے اطراف لڑائی اور بگڑتے انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا اور حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کی حرمت اور سلامتی کا ہر صورت احترام کیا جانا چاہیے۔
پاکستانی مندوب نے مکہ مکرمہ گورنریٹ میں بنیادی ڈھانچے اور مدینہ منورہ میں بجلی کے گرڈ اسٹیشن کو نشانہ بنانے والے حملوں کی بھی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس سے قبل ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی حملوں کی مذمت کر چکا ہے، جن میں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔