27 ستمبر کو سڑکوں پر ہنگامہ آرائی کی تو خیر نہیں! آئی جی پنجاب

لاہور: انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم نے واضح کیا ہے کہ 27 ستمبر کو کسی کو توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دیں گے، اگر کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو اس سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا۔

لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے یا توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ 27 ستمبر کو کسی کو توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کوئی احتجاج کرنا چاہتا ہے تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے اجازت حاصل کرے۔ ان کے علم میں فی الحال ایسی کوئی درخواست نہیں کہ کسی فریق نے احتجاج کی اجازت کے لیے درخواست دی ہو۔

آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ کسی کے خلاف امتیازی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ پولیس میں خود احتسابی کا ایک مؤثر نظام موجود ہے اور شکایات کی صورت میں متعلقہ فورم سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

گھروں میں توڑ پھوڑ کے الزامات سے متعلق سوال پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ یہ الزام درست نہیں ہے، تاہم اگر کسی شہری کو اپنے گھر میں توڑ پھوڑ کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو وہ پولیس کے شکایت سیل سے رجوع کرے، جہاں اس کی شکایت کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے قانون اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کی جائیں گی۔