سرکاری ملازمین کا ‘ورک فرام ہوم’، ایندھن میں کمی: حکومت کا کفایت شعاری اقدام نافذ، ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم ملے گا یا نہیں؟

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کے لیے مزید اقدامات نافذ کر دیے اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹریٹ کے 50 فیصد ملازمین دفاتر سے اور 50 فیصد گھروں سے کام کریں گے۔ گھر سے کام کرنے والوں کے لیے ٹیلیفون، ای میل اور واٹس ایپ پر دستیاب رہنا لازمی ہوگا۔

 

ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی۔ مالی سال 27-2026 کے نان ای آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی کی جائے گی۔ پائیدار اشیا کی خریداری پر پابندی ہوگی، تاہم آئی ٹی سامان مستثنیٰ ہوگا۔

 

سیکریٹریٹ کے اجلاس ویڈیو کانفرنسنگ سے ہوں گے اور قائمہ کمیٹیوں کو بھی ورچوئل اجلاس کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ اجلاسوں کی تعداد کم سے کم رکھنے کی ہدایت ہے۔

 

تین ماہ کے لیے غیر ملکی دوروں اور سرکاری سفری اخراجات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی وفود کے اعزاز میں عشائیوں کے علاوہ تمام سرکاری عشائیوں پر پابندی ہوگی۔ سرکاری فنڈز سے سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز پر بھی پابندی ہوگی۔

 

اخراجات میں کمی کے لیے پیپر لیس ورکنگ اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ملازمین کو اسٹیشن چھوڑنے سے قبل اجازت لینا ہوگی۔ یہ اقدامات فوری نافذ ہوں گے۔