گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم ریٹیل قیمتیں مقرر ، موجودہ قیمتیں جانئے

ایف بی آر نے گھی اور کوکنگ آئل سیکٹر میں مبینہ ٹیکس چوری روکنے اور پوری صلاحیت کے مطابق وصولی یقینی بنانے کے لیے کم از کم ریٹیل قیمتیں مقرر کر دی ہیں۔ آئندہ مینوفیکچررز سے اسی مقررہ قیمت پر ٹیکس وصول ہوگا۔

 

ایف بی آر نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت مقامی طور پر تیار کردہ گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم قیمت مقرر کی گئی ہے۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق کم از کم قیمت پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی ویب سائٹ پر شائع حساس قیمت اشاریے کے تحت گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے کی اوسط قومی ریٹیل قیمت میں سے 25 روپے فی کلو کم کر کے مقرر ہوگی۔ یہ 25 روپے کی رعایت صرف ان رجسٹرڈ افراد کو ملے گی جو ایف بی آر کے ڈیجیٹل انوائسنگ اور پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک ہوں گے۔

 

برانڈز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کیٹیگری اے میں ڈالڈا، حبیب، صوفی، میزان، سویا سپریم اور ایوا شامل ہیں جن کی قیمت اوسط ریٹیل قیمت کے 100 فیصد کے برابر ہوگی۔ کیٹیگری بی میں من پسند، حبیب ہانڈی، سیزنز، کشمیر، کوثر، شاہ تاج، کسان، شفق اور سلطان شامل ہیں جن کی قیمت اوسط کا 93 فیصد ہوگی۔ کیٹیگری سی میں دیگر تمام برانڈز شامل ہیں جن کی قیمت اوسط کا 85 فیصد ہوگی۔

 

ایف بی آر کے مطابق اگست 2026 کے لیے اوسط قیمت 613 روپے فی لیٹر/کلو بنتی ہے، 25 روپے کم کرنے کے بعد 588 روپے مقرر کی گئی۔ ستمبر 2026 کے لیے کیٹیگری اے 588، بی 547 اور سی 500 روپے فی لیٹر/کلو مقرر ہے۔