عوام ہو جائیں تیار ، بجلی مہنگی ہونیوالی ہے ؟ اہم خبر آگئی

مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے بری خبر ہے کہ بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کردی ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمت میں ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔

اگر نیپرا کی جانب سے درخواست منظور کرلی جاتی ہے تو صارفین پر 29 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، جس کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔

اگست میں ڈسکوز کو 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جبکہ فراہم کی جانے والی بجلی کی لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔

اگست میں پانی سے 37.84 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جبکہ مقامی کوئلے سے 10.88 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 15.59 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔

اسی ماہ فرنس آئل سے 2.15 فیصد، مقامی گیس سے 7.04 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 8.48 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 45.25 روپے جبکہ درآمدی ایل این جی سے 45.92 روپے رہی۔