مریم نواز کے لندن دورے کے اخراجات وہ خود برداشت کریں گی، مخالفین کو ان کی کارکردگی اور مقبولیت سے تکلیف ہے: مریم اورنگزیب

لاہور : پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بعض عناصر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیان یا سفر سے نہیں بلکہ ان کی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت سے تکلیف ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ بات واضح کی جا چکی ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اپنے دورۂ لندن کے تمام اخراجات خود برداشت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کو صوبوں کے درمیان نفرت اور قوم میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے والوں کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کی گفتگو کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ طرزِ بیان پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کی خواتین کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے کی قابلِ مذمت روایت کا تسلسل ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا پر ایسے عناصر مسلط ہیں جو ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کا احترام کرنے والے غیور پختونوں کی روایات سے بھی واقف نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد بندوق اور خودکش جیکٹ کے ذریعے انسانی جانوں کو نشانہ بناتے ہیں، جبکہ ان کے سہولت کار اپنی زبان کو بالخصوص خواتین کی توہین کے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔