12 ربیع الاول، سندھ حکومت کا فول پروف سکیورٹی پلان بنانے کا فیصلہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبے بھر میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے اور میلاد جلوسوں و مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

12 ربیع الاول کی تیاریوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت مختلف مکاتب فکر کے علما اور اعلیٰ حکام کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سکیورٹی، صفائی، ٹریفک اور شہری سہولیات سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مذہبی اجتماعات اور جلوسوں میں شریک افراد کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ مربوط سکیورٹی پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں جبکہ جلوسوں اور اجتماعات کی سکیورٹی کی مسلسل نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مناسب تعیناتی بھی یقینی بنائی جائے۔

مراد علی شاہ نے 12 ربیع الاول کے موقع پر شہریوں کو بلا تعطل بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، جلوسوں کے راستوں اور میلاد اجتماعات کے مقامات پر بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ضروری شہری سہولیات میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس کمپنی، واٹر کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 12 ربیع الاول سے قبل اور دوران صوبے بھر میں خصوصی صفائی مہم چلانے، جلوسوں کے راستوں، اطراف کے علاقوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مذہبی تقریبات سے قبل نکاسی آب اور سیوریج کے مسائل حل کیے جائیں، ٹوٹی سڑکوں اور بند نالوں کی فوری مرمت کی جائے جبکہ اوورفلو سیوریج لائنوں سمیت دیگر شہری مسائل بھی 12 ربیع الاول سے پہلے حل کیے جائیں۔

اجلاس میں آئی جی سندھ نے 12 ربیع الاول کے سکیورٹی پلان اور ٹریفک انتظامات پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران اور بلدیاتی اداروں کو باہمی رابطہ مؤثر بنانے اور انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔

مختلف مکاتب فکر کے علما نے سکیورٹی، صفائی، ٹریفک اور شہری سہولیات سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے علما کی تجاویز سنیں اور متعلقہ اداروں کو ان کے تحفظات ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں علما کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کا امن، اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں کردار قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری طاقت اتحاد میں ہے جبکہ پیغامِ رسول اکرم ﷺ امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ 12 ربیع الاول کا مقدس موقع عقیدت، احترام اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ منایا جائے اور منتظمین و شہریوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

اجلاس میں سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیر محنت سعید غنی، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، وزیر مذہبی امور ریاض حسین شاہ شیرازی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ اور مختلف مکاتب فکر کے علما نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔