لاہور (آن لائن) پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلا کی مہم میں محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ملکی پالیسی کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹرز میں لایا جا رہا ہے اور ضروری دستاویزی عمل مکمل کرنے کے بعد انہیں ان کے وطن واپس بھجوایا جا رہا ہے۔
اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 26 لاکھ 63 ہزار 891 افغان باشندے وطن واپس بھجوائے گئے، جبکہ پنجاب سے ایک لاکھ 39 ہزار 902 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا گیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی واضح پالیسی کے مطابق قابل قبول ویزا کے بغیر تمام افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی ہے۔ اس حوالے سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر میں رہائشی علاقوں اور مارکیٹس کی جانچ مکمل کی گئی ہے۔
غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹرز میں لایا جاتا ہے، جہاں عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں، جن میں 284 افغان شہری موجود ہیں۔
غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار حکومت پنجاب کی مؤثر حکمت عملی اور فعال انتظامی اقدامات کے عکاس ہیں۔ افغان شہریوں کی واپسی کے قومی مشن میں تمام پاکستانیوں کا تعاون درکار ہے۔
عوام الناس افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام، شناخت کی جعلسازی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر دیں۔ اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ کارروائی صرف غیر قانونی طور پر مقیم باشندوں کے خلاف کی جا رہی ہے۔ اس قومی مشن کی تکمیل کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کا فارن نیشنل سکیورٹی سیل صوبہ بھر میں مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن کر رہا ہے۔






