لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، حلقوں کے عوامی مسائل اور پنجاب حکومت کے جاری فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز شریف نے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے آزاد کشمیر کے حلقہ میرپور میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پنجاب کے 36 اضلاع میں 588 الیکٹرک بسوں کی فراہمی، صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے کونے کونے میں ترقیاتی کام نمایاں نظر آ رہے ہیں۔ ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ بطور پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے امن و امان کے قیام اور جرائم کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے عہد کیا تھا کہ پنجاب کو گڈ گورننس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ترقیاتی منصوبوں میں دیگر صوبوں سے آگے لے کر جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ “ستھرا پنجاب” منصوبے کے بعد ہر گھر تک صاف پینے کا پانی پہنچانا ان کی حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے اور یہ منصوبہ ان کے دل کے بے حد قریب ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جلد پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل میں الیکٹرک بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں انہوں نے پانچ روز کے اندر صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب کرتے ہوئے اتھارٹی کو جدید خطوط پر ازسرنو منظم اور فعال بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو تکنیکی اور انتظامی طور پر مکمل بااختیار بنایا جائے گا، جدید ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے، جبکہ علاقائی ضروریات کے مطابق آر او پلانٹس اور جدید فلٹریشن سسٹمز نصب کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں موجود تمام 5,734 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت، دیکھ بھال اور مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، جبکہ ضرورت کے مطابق مزید پلانٹس بھی نصب کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام فلٹریشن پلانٹس پر پلانٹ آئی ڈی، آپریٹر کا نام، فون نمبر اور اوقاتِ کار واضح طور پر درج کیے جائیں۔
اجلاس میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے جدید جاپانی اور چینی ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور بین الاقوامی کنسلٹنسی کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دور دراز علاقوں میں موبائل بوٹلنگ پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی شروع کی جا چکی ہے، جہاں فعال بوٹلنگ پلانٹس سے روزانہ 2,400 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صاف پانی اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک بڑھایا جائے اور شہریوں کو معیاری پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات تیز کیے جائیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوئٹہ کے علاقے میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کان میں پھنسے مزدوروں کی جلد اور بحفاظت بازیابی کے لیے دعا بھی کی۔






