بشریٰ بی بی نے سزا معطلی کیلئے بڑا قدم اٹھا لیا

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کے لیے آئینی عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

درخواست میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا معطل کرنے اور ضمانت پر رہائی کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دورانِ قید بشریٰ بی بی کو آنکھوں کی تکلیف کا سامنا رہا، جس کے باعث ان کی آنکھ کی سرجری بھی کرانا پڑی۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ خراب صحت اور خاتون ہونے کی بنیاد پر وہ ضمانت کی حقدار ہیں۔ درخواست میں یہ بھی مؤقف اپنایا گیا ہے کہ انہیں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا اور مناسب طبی سہولیات و دیکھ بھال فراہم نہیں کی گئی۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سزا معطلی سے متعلق درخواستوں پر کارروائی میں تاخیر کر رہا ہے۔

بشریٰ بی بی نے آئینی عدالت سے استدعا کی ہے کہ ٹرائل کورٹ کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔