//

دریاؤں کی تازہ صورتحال، سیلاب کا خدشہ؛ این ڈی ایم اے نے الرٹ کردیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی تازہ ترین صورتحال جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں سیلاب کے خدشے سے خبردار کر دیا ہے، جبکہ عوام کو ممکنہ خطرے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں خانکی، قادر آباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ پلکھو نالہ وزیر آباد میں بھی درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا ہے کہ چناب میں مرالہ اور تریموں، راوی میں بلوکی اور سدھنائی، جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ اس کے علاوہ نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر بھی کم درجے کا سیلاب ریکارڈ ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چناب میں مرالہ، خانکی، قادر آباد اور چنیوٹ پل پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ تریموں بیراج پر پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور سرگودھا میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے، جبکہ جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں بھی سیلاب کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے برساتی ندی نالوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلابی صورتحال جبکہ آئندہ دو روز کے دوران ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ممکنہ طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور ممکنہ بند شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ادارہی بیان میں کہا گیا ہے کہ مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک آنے والے سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے سفر سے پہلے موسم کی تازہ ترین پیش گوئی اور سڑکوں کی صورتحال کا لازمی علم حاصل کریں۔ اگر شدید بارش یا کسی بھی ممکنہ خطرے کی وارننگ جاری ہو تو غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں، جبکہ تنگ راہداریوں، خطرناک ڈھلوانوں، دریا کے کناروں یا ایسے مقامات پر ہرگز نہ رکیں جہاں پتھر گرنے یا مٹی کھسکنے کا خطرہ موجود ہو۔ سڑک یا پہاڑی ڈھلوان پر دراڑیں، گرتے ہوئے پتھر، ملبہ، بہتا ہوا کیچڑ یا غیر معمولی آوازیں محسوس ہونے پر فوری طور پر محفوظ جگہ منتقل ہو جائیں۔

این ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ سیلابی پانی یا تیز بہاؤ کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ تیز بہاؤ والا پانی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ سفر کے دوران پینے کا پانی، خشک خوراک، ٹارچ، ابتدائی طبی امداد کا سامان، پاور بینک اور ہنگامی رابطہ نمبرز اپنے ساتھ رکھیں۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ کے ذریعے بروقت معلومات حاصل کرتے رہیں، جبکہ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو بھی ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close