مریم نواز کا تاریخی اقدام، اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے قرعہ اندازی مکمل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کے تحت 30 ہزار بے زمین اور مستحق خاندانوں کو قابلِ کاشت سرکاری زرعی اراضی الاٹ کرنے کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کر دی۔

اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ سرکاری زرعی اراضی 20 سال کے لیے فی ایکڑ سالانہ صرف 100 روپے کی علامتی لیز پر دی جائے گی۔ مستحق خاندانوں کو ہر ایکڑ کے لیے 50 ہزار روپے مالی معاونت کے ساتھ کاشتکاری کے لیے تکنیکی رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ “اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کو مختصر عرصے میں عملی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے قرعہ اندازی میں کامیاب فیصل آباد کے عبدالستار سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ اب وہ آئندہ 20 برس کے لیے اپنی زمین کے مالک و مختار ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ چار ایکڑ اراضی حاصل کرنے والے ہر مستحق خاندان کو زمین کی تیاری کے لیے دو لاکھ روپے بھی دیے جائیں گے تاکہ وہ بغیر کسی مالی رکاوٹ کے کاشتکاری کا آغاز کر سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پروگرام کا آغاز 22 اپریل کو کیا گیا تھا، جس کے لیے 60 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 29 ہزار الاٹمنٹس کی قرعہ اندازی مکمل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 11 ہزار خواتین نے بھی درخواستیں جمع کرائیں، تمام درخواست گزاروں کو ذاتی سماعت اور اپیل کا حق دیا گیا، جبکہ ایک ہفتے کے اندر الاٹمنٹ لیٹرز اور 31 جولائی تک اراضی کا قبضہ فراہم کر دیا جائے گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کا مقصد بے زمین اور انتہائی مستحق خاندانوں کو معاشی خودمختاری دینا، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا اور کسانوں کی عزتِ نفس بحال کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف ان خاندانوں کو اراضی دی گئی ہے جن کے پاس اپنی زرعی زمین موجود نہیں، اور پورا عمل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا گیا، جس میں کسی سفارش یا سیاسی دباؤ کو قبول نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ پنجاب میں جہاں بھی قابلِ کاشت سرکاری زمین دستیاب ہوگی، اسے مرحلہ وار مزید مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بے زمین کسان اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت 20 سال کے لیے زرعی اراضی کاشت کے لیے فراہم کر رہی ہے، آج سے یہ زمین آپ کی ذمہ داری ہے، اور “جو بوئے گا، وہی کھائے گا” کے اصول کے تحت یہ منصوبہ مکمل شفافیت اور سو فیصد میرٹ پر نافذ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close