پشاور: پشاور بی آر ٹی منصوبے کے لیے خریدی گئی 52 نئی بسیں پاکستان روانگی کے لیے تیار ہیں۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر بی آر ٹی فلیٹ میں اضافے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
نئی بسوں کی شمولیت کے بعد بی آر ٹی فلیٹ میں بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہو جائے گی۔ حکام کے مطابق 25 بسوں پر مشتمل پہلی کھیپ جولائی کے آغاز میں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ باقی بسیں مرحلہ وار بعد میں پہنچائی جائیں گی۔
یہ بسیں بی آر ٹی کے مرکزی کوریڈور اور فیڈر روٹس پر چلائی جائیں گی، جس سے سروس کی استعداد میں اضافہ، مسافروں کے انتظار کے دورانیے میں کمی اور بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
ٹرانس پشاور نے نئی بسوں کی آمد کے ساتھ خواتین کے لیے خصوصی پنک بس سروس شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس سروس کے تحت مخصوص بسیں صرف خواتین مسافروں کے لیے مختص ہوں گی تاکہ انہیں بالخصوص رش کے اوقات میں محفوظ، آرام دہ اور بہتر سفری ماحول میسر آ سکے۔
ادارے کے مطابق نئے روٹس کے اجرا پر بھی کام جاری ہے تاکہ معیاری، محفوظ اور قابلِ اعتماد عوامی سفری سہولتوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکے۔
ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ نئی بسوں کی شمولیت عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے اور بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






