تیل کی عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر دیا، جس کے بعد پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے فیصلے پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم اس کمی کا مکمل فائدہ صارفین تک منتقل نہیں کیا گیا۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 22 جون کو عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 98.35 ڈالر فی بیرل تھی، جو صرف چار روز میں 6.67 ڈالر کمی کے بعد 26 جون کو 91.68 ڈالر فی بیرل رہ گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 109.09 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 104.79 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ حکومت نہ کسی ایک شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے دائرے میں رہتے ہوئے صارفین تک ہر ممکن فائدہ پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دور حکومت میں اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لیٹر کمی کی جا چکی ہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ بھی کر دیا ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 6 روپے 57 پیسے فی لیٹر بڑھا کر 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ پیٹرول پر لیوی میں 39 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد یہ 66 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رکھی گئی ہے۔
حکومت نے کمرشل طیاروں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر کمی کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے فضائی کمپنیوں کے ایندھن کے اخراجات میں کمی متوقع ہے، تاہم مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے قبل جیٹ فیول کی قیمت تقریباً 188 روپے فی لیٹر تھی۔
واضح رہے کہ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں متناسب کمی کرنے کے بجائے ایک ہفتے کے لیے موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 299 روپے 50 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کر کے نئی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں اضافے کے باعث عوام کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا مکمل فائدہ منتقل نہیں ہو سکا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






