اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کفایت شعاری مہم کو مزید مؤثر بنانے اور سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے اہم انتظامی اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے، جبکہ مختلف وفاقی وزارتوں کے انضمام اور غیر ضروری وزارتوں کے خاتمے سے متعلق تجاویز پر پیش رفت جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق حکومت کی رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت وفاقی اداروں اور وزارتوں کے ڈھانچے کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ انتظامی اخراجات میں کمی اور حکومتی امور میں بہتری لائی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے حجم میں کمی کے لیے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ متعدد وزارتوں کو ختم کرنے یا انہیں دیگر وزارتوں میں ضم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بعض غیر اہم وزارتوں سے وزرائے مملکت کی فراغت کی تجویز بھی زیر غور ہے، جبکہ صرف اہم وزارتوں میں وزرائے مملکت برقرار رکھنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مجوزہ اصلاحات کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ کی نئی ساخت آئندہ ڈھائی سال کے لیے مرتب کیے جانے کا امکان ہے، جس کا مقصد حکومتی اخراجات میں کمی اور انتظامی کارکردگی میں اضافہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






