آج پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں مسلمان عیدالفطر منا رہے ہیں، یہ تہوار مسلمانوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے اور اس موقع پر گلے ملنا بھی ایک اہم روایت ہے۔ خاندان، دوست احباب خوشیاں بانٹتے اور ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارک باد دیتے ہیں، تاہم کیا آپ گلے ملنے کے فوائد جانتے ہیں؟
ہیلتھ لائن کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کے مطابق گلے ملنے سے گرمجوشی میں اضافہ ہوتا ہے، ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے اور خوشی کا احساس پیدا ہوتا ہے۔
ڈپریشن سے بچاؤ
رپورٹ کے مطابق 400 افراد پر کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ گلے ملنے سے بیماری کے امکانات کم ہوتے ہیں اور مجموعی صحت بہتر رہتی ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ جن لوگوں کو قریبی رشتہ داروں کی سپورٹ حاصل ہوتی ہے وہ ڈپریشن کا کم شکار ہوتے ہیں۔
دل کی صحت
گلے ملنے کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ اس سے دل کی صحت بہتر رہتی ہے۔ ایک تحقیق میں تقریباً 200 افراد کا جائزہ لیا گیا، جس میں ایک گروپ نے 10 منٹ تک ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے رکھا اور 20 سیکنڈ کے لیے گلے ملتے رہے، جبکہ دوسرے گروپ نے اسی مدت میں خاموشی سے وقت گزارا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ پہلے گروپ میں دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر میں کمی دیکھی گئی۔
ان نتائج سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جوڑوں کے درمیان محبت اور اپنائیت دل کی صحت کے لیے بہتر ہے، ان جوڑوں کے مقابلے میں جن میں روزمرہ تنازعات رہتے ہیں۔
گلے ملنے سے خوشی کا احساس
جب ہم گلے ملتے ہیں تو جسم میں آکسیٹوسن نامی ہارمون کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جسے ماہرین نے “cuddle hormone” کا نام دیا ہے، اور اس کے اضافے سے انسان کو خوشی محسوس ہوتی ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ ہارمون خواتین پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے، اور یہ بلڈ پریشر اور تناؤ کے ہارمون میں کمی کا سبب بھی بنتا ہے۔
خوف میں کمی
تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گلے ملنے سے خوف کے احساس میں کمی آتی ہے۔ ایسے افراد جو مستقل خوف یا گھبراہٹ کا شکار رہتے ہیں، ان میں گلے ملنے سے یہ کیفیت کم ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






