عیدالاضحیٰ پر کتنی چھٹیاں ہوں گی؟ وفاقی حکومت نے اعلان کردیا

وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ پر ملک بھر میں سرکاری تعطیلات کا اعلان کردیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں 3 روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعطیلات منگل، بدھ اور جمعرات کے روز ہوں گی جب کہ اس فیصلے کی منظوری وزیراعظم کی جانب سے دی گئی ہے۔

اعلان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر کے سرکاری دفاتر اور ادارے تین روز کے لیے بند رہیں گے تاکہ بھرپور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ عیدالاضحیٰ کی تیاری اور دیگر فرائض انجام دے سکیں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ عید کے تیسرے روز یعنی جمعہ کو سرکاری تعطیل نہیں ہوگی اور اسے معمول کے ورکنگ ڈے کے طور پر دیکھا جائے گا۔

دوسری جانب 30 اور 31 مئی کو ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کے باعث متعدد شہریوں کے لیے چھٹیوں کا یہ سلسلہ مزید طویل ہو جائے گا اور یوں عام ہفتہ وار شیڈول پر عمل کرنے والے افراد کو مجموعی طور پر پانچ روزہ تعطیلات میسر آ سکیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی جب کہ عید کی سرکاری تعطیلات میں عید سے پہلے کا ایک دن، یعنی منگل اور عید کے دو دن کی چھٹی شامل ہے۔

پاکستان کے علاوہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی اور مناسک حج کا رکنِ اعظم 26 مئی بروز منگل کو ادا کیا جائے گا۔

امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور یورپ کے مسلم اداروں نے بھی سعودی عرب کے ساتھ 27 مئی کو ہی عید منانے کا اعلان کیا ہے۔ ملائیشیا، انڈونیشیا، ترکیہ اور تیونس سمیت متعدد ممالک بھی 27 مئی کو ہی عیدالاضحٰی منائیں گے تاہم بھارت اور بنگلہ دیش میں عیدالاضحیٰ 28 مئی جمعرات کو منائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close