ہم حکومت بنانا اور گرانا جانتے ہیں، صد ر آصف زرداری کا تہلکہ خیز بیان آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن ) سے حکومت نہیں چل رہی، ہم حکومت بنانا بھی جانتے ہیں اور گرانا بھی جانتے ہیں۔

بدھ کو لاہور میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان ، سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف ، حسن مرتضیٰ اور شہزاد چیمہ سمیت پنجاب کے ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔اجلاس میں پنجاب کے رہنماؤں سمیت لاہورکی قیادت بھی شریک ہوئی اور صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پنجاب کابینہ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت سمیت دیگر معاملات پر مشاورت بھی کی گئی۔

اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق صدر مملکت کا پارٹی رہنماؤں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کون کیا کر رہا ہے میں سب جانتا ہوں اور 10سال دیکھتا رہا ہوں کہ دیگر پارٹیاں کیا کر رہی ہیں، اب خود میدان میں آگیا ہوں ، اسلام آباد ہوں یا لاہور سب سے کام کراؤں گا۔صدر مملکت نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے مقابلے کی نہیں، میری جماعت پر تنقید ہوتی ہے جسے میں ثواب سمجھتا ہوں۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب کی قیادت ایک دوسرے کو نکالنے میں لگی ہے ، مل کر کیوں نہیں بیٹھتے ؟۔

close