پی ڈی ایم کی حکومت نے مہنگائی عروج پر پہنچائی، اب عوام کیلئے کیوں نہیں نکل رہے؟ سراج الحق نے سوال کر دیا

چیچہ وطنی(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے مہنگائی عروج پر پہنچائی، حکمرانوں اور عدلیہ نے عوام کو کوئی انصاف نہیں دیا، پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیا، اب مہنگائی عروج پر ہے، اب عوام کیلئے کیوں نہیں نکل رہے،ہمسایہ ملک بھارت چاند پر پہنچ گیا ہے اور ہم سیاسی انتقام سے آگے نہیں نکل پا رہے، پاکستان اس وقت ایک بہت بڑے آزمائش سے دوچار ہے، 24کروڑ عوام کا پاکستان ہے لیکن کراچی سے لے کر چترال تک ہر انسان پریشان ہے۔

چیچہ وطنی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ آج سے 3دن قبل انڈیا نے چاند پر قدم رکھا ان کا مشن چاند کے زمین پر ایک ایسے علاقے میں موجود ہے جہاں پہلے کوئی نہیں پہنچا تھا، ساری دنیا کے اخبارات نے یہ خبر دنیا کے ہر انسان تک پہنچائی کہ بالاخر انڈیا نے چاند کے زمین پر قدم رکھا،امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل وقت سے گزر رہا ہے، غریب مہنگائی سے تنگ ہیں اور خود کشیاں کر رہے ہیں، پی ڈی ایم کی حکومت نے مہنگائی عروج پر پہنچائی، نگرانوں نے بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کیا، عوام کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی، پٹرول، ڈیزل اور گیس مہنگی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں فوری طور پر بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس لیا جائے، بجلی کی قیمت سے مختلف قسم کے 36سے زائد ٹیکس ہیں،سراج الحق نے کہا کہ توشہ خانہ کیس اکیلے چیئرمین تحریک انصاف پر نہیں بلکہ اس کے علاوہ بھی جو ہیں ان کو بھی قانون کے دائرے میں لایا جائے، حکمرانوں اور عدلیہ نے عوام کو کوئی انصاف نہیں دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیا، اب مہنگائی عروج پر ہے، اب عوام کیلئے کیوں نہیں نکل رہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں میں پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور نگران حکومت نے آئی ایم ایف سے قرضہ لیا، اگر ہم حکومت میں آئے تو انصاف کا بول بالا کریں گے، غربت میں کمی لا کر مہنگائی کم کریں گے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر تقدیر بدل سکتی ہے۔

close