رمضان المبارک کی آمد میں کتنے دن باقی ہیں؟ ماہرین فلکیات نے ممکنہ تاریخ بتا دی

لاہور (پی این آئی) شب معراج کی آمد، رمضان المبارک کے آغاز میں کم وقت باقی رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 28 فروری بروز پیر کو نمازِ مغرب کے بعد 27 ویں رجب کا آغاز ہوگیا ہے جسے شبِ معراج کہا جاتا ہے ۔ ملک بھر میں شبِ معراج کے موقع پر مساجد میں عبادات اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کروڑوں فرزندان اسلام شب معراج کی مناسبت سے رات عبادت کرنے میں گزاریں گے۔

ملک بھر کی مساجد میں نوافل ادا کئے جانے کے علاوہ اپنے گناہوں کی معافی کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ شب معراج کی آمد کے بعد اب رمضان المبارک کی آمد بھی چند ہی دنوں کی دوری پر ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز میں اب صرف چند ہفتوں کا وقت باقی ہے، ایسے میں دنیا بھر کے اسلامی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ناصرف ماہ مقدس، بلکہ عید الفطر کی بھی تیاریاں شروع کی جا چکیں۔کئی غیر ملکی ماہرین فلکیات ناصرف یکم رمضان، بلکہ عید الفطر کی ممکنہ تاریخ کے بارے بھی پیش گوئی کر چکے۔ حال ہی میں اردو نیوز کی جانب سے شائع کردی رپورٹ کے مطابق سعودی ماہرفلکیات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پہلا روزہ 2 اپریل کو بروز ہفتہ کوہوگا، جبکہ عید الفطر 2 مئی 2022 کو متوقع ہے۔

سعودی ماہرین فلکیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فلکیاتی مطالعے کے مطابق رواں سال ماہ شعبان 29 دن جبکہ رمضان المبارک کا مہینہ 30 دن پرمشتمل ہوگا۔شعبان کی 29 تاریخ یعنی یکم اپریل کی صبح 9 بج کر24 منٹ پرچاند کی ولادت ہوگی، جبکہ اسی شام کومکہ مکرمہ کے مغربی افق پرہلال کی ولادت ہوگی جو16 منٹ تک دیکھا جاسکے گا۔ چاند کا دکھائی دینا موسم پرمشروط ہے، مطلع صاف ہونے کی صورت میں چاند نظر آنے کے امکانات ہوں گے۔ اسی طرح فلکیات کے مطالعے کے مطابق رمضان المبارک 30 دن کا ہوگا، یوں شوال کا چاند یکم مئی کی شام کودکھائی دے گا اور عید الفطر2 مئی بروز پیر کو ہوگی۔

جبکہ عریبیہ ویدر کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں رمضان المبارک 1443 ہجری کے چاند کی پیدائش یکم اپریل کی صبح 3 بج کر 24 منٹ پر ہو گی، یوں اسی روز مغرب کے وقت چاند کی عمر 15 گھنٹے سے زائد ہو چکی ہو گی، اسی باعث یکم اپریل کو ماہ مبارک کا چاند باآسانی نظر آ جائے گا۔ ان پیشن گوئیوں کی روشنی میں پاکستان میں بھی عید الفطر 2 مئی کو ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی اعلان 29 رمضان المبارک کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔

close