کراچی (آئی این پی): کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں نامعلوم شخص نے ایک نجی بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ چاند بی بی روڈ پر پیش آیا، جہاں ابتدائی طور پر آتشزدگی کو شارٹ سرکٹ کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ ایک شخص نے جان بوجھ کر اے ٹی ایم پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگائی۔
فوٹیج میں ملزم کو اے ٹی ایم بوتھ میں داخل ہو کر پیٹرول چھڑکتے اور آگ لگاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اے ٹی ایم میں نصب کیمرے نے پورا واقعہ ریکارڈ کیا، جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کرنے لگی۔
رسالہ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






