کراچی (آئی این پی): ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے بھوسہ ڈیلرز کی ہڑتال کے باعث کراچی میں دودھ کے شدید بحران کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے حکومتِ سندھ سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں بھوسہ ڈیلرز کی ہڑتال کے باعث جانوروں کی خوراک کی ترسیل متاثر ہو گئی ہے، جس سے ڈیری فارمز میں بھوسے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر صورتحال برقرار رہی تو دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کی فراہمی بھی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔
ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شوکت مختار نے بتایا کہ 20 جولائی سے اندرونِ سندھ اور بلوچستان سے کراچی کے لیے بھوسے کی سپلائی مکمل طور پر بند ہے۔ ان کے مطابق بھوسہ لانے والے ٹرکوں کے مبینہ ناجائز چالان اور بھتہ خوری کے خلاف ڈیلرز نے احتجاجاً ترسیل معطل کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوراک کی قلت کے باعث لاکھوں مویشی متاثر ہو رہے ہیں اور اگر جانوروں کو بروقت مناسب خوراک نہ ملی تو دودھ کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے، جس سے کراچی میں دودھ کے بحران کا خدشہ بڑھ جائے گا۔
ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہنگامی مداخلت کے لیے خط ارسال کیا ہے، جبکہ چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی اور آئی جی سندھ کو بھی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان سے بھوسے کی ترسیل فوری بحال کرائی جائے اور جانوروں کی خوراک کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہر کو ممکنہ ڈیری بحران سے بچایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






