//

راولپنڈی میں کرایہ تنازع پر غیرملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور میں جھگڑا، ویڈیو وائرل

راولپنڈی (آئی این پی): راولپنڈی میں ایک غیرملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور کے درمیان مبینہ طور پر کرایہ ادا نہ کرنے کے تنازع پر جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

وائرل ویڈیو میں مصروف شاہراہ پر غیرملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور کو ایک دوسرے سے دست و گریباں ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ موقع پر موجود شہری دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کراتے نظر آتے ہیں۔

ویڈیو کے مطابق جب شہریوں نے ٹیکسی ڈرائیور سے جھگڑے کی وجہ دریافت کی تو اس نے مؤقف اختیار کیا کہ خاتون 700 روپے ٹیکسی کرایہ ادا نہیں کر رہیں، جس کی وجہ سے تنازع پیدا ہوا۔

بعد ازاں موقع پر موجود افراد نے ٹیکسی ڈرائیور کو کرایہ ادا کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے دونوں فریقین کو پرسکون کیا، جس کے بعد جھگڑا ختم ہو گیا۔

تاہم اس واقعے سے متعلق پولیس یا متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close