تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی؟ اصل حقیقت سامنے آگئی

سندھ میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی قرار دے دیا گیا۔

صوبائی وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی دستاویز کو مکمل طور پر جعلی اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دستاویز کے ذریعے عوام اور تعلیمی اداروں میں غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔

سردار علی شاہ نے واضح کیا کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ جلد اسکولوں کے اوقات کار کا باضابطہ شیڈول جاری کرے گا۔ انہوں نے عوام اور تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی کہ اوقات کار سے متعلق صرف سرکاری اعلانات پر اعتماد کریں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے گزشتہ روز طالبات کی شکایات پر اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کی کمی کا اعلان کیا تھا۔ انٹرنیشنل ٹیچرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ طالبات کی جانب سے طویل تدریسی دورانیے کے باعث بھوکا رہنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا اور سیلاب کے دوران ہونے والے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا تھا، تاہم طالبات کو درپیش مسائل کے پیش نظر صوبے بھر میں یہ اضافی ایک گھنٹہ ختم کردیا گیا ہے۔