سندھ حکومت نے یکم اگست 2026 سے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد اسکول اور کالج ہفتے میں چھ دن کھلے رہیں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں ہفتے کے روز تدریسی سرگرمیاں اور کلاسز دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں۔
نئے شیڈول کے تحت تعلیمی اداروں میں کلاسز پیر سے ہفتہ تک باقاعدگی سے منعقد ہوں گی، جبکہ یکم اگست سے نئے تعلیمی سال 2026-27 کا بھی باقاعدہ آغاز ہوگا اور اسی روز نئے ٹائم ٹیبل پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت نے یکم جون سے 31 جولائی 2026 تک موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، جو اب اختتام پذیر ہو رہی ہیں۔
محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ نئے شیڈول کے مطابق پیر سے ہفتہ تک باقاعدگی سے تدریسی سرگرمیوں کا انعقاد یقینی بنائیں۔






