ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کے لیے نئی ٹیکنیکل سپورٹ سروس متعارف کرا دی ہے تاکہ وہ آن لائن ریٹرن فائلنگ کے دوران پیش آنے والے مسائل کو آسانی سے حل کر سکیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق ٹیکس سال 2026 کے لیے آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے افراد کی سہولت کے لیے خصوصی تکنیکی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو فائلنگ کے دوران سسٹم یا تکنیکی خرابیوں کے حل میں مدد فراہم کرے گی۔
ایف بی آر نے بتایا کہ ریٹرن فائلنگ سے متعلق مسائل کے فوری ازالے اور ٹیکس دہندگان کی رہنمائی کے لیے یہ سپورٹ سروس فعال کی گئی ہے۔ ٹیکس دہندگان تکنیکی مشکلات کی صورت میں اپنی شکایات مخصوص ای میل کے ذریعے بھجوا سکتے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق سپورٹ ٹیم موصول ہونے والی شکایات کا 24 گھنٹوں کے اندر جواب دے کر مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گی۔
ٹیکس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو مزید آسان، تیز اور بلا تعطل بنانا ہے تاکہ شہریوں کو آن لائن فائلنگ میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




