تہران (آئی این پی) ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں امریکی فوجی بیس پر کیے گئے حملے میں متعدد ایف-35 جنگی طیارے تباہ ہوئے جبکہ کویت میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹرز بھی نشانہ بنے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن کے الازرق ایئربیس پر حملے میں 3 ایف-35 اسٹیلتھ جنگی طیارے تباہ کر دیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے فائٹرز نے الازرق ایئربیس پر ڈیولپمنٹ ریمپ اور مینٹیننس ہینگر میں موجود امریکی ایف-35 جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا اور کئی بیلسٹک میزائل داغے، جس کے نتیجے میں 3 ایف-35 جنگی طیارے مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
مزید دعویٰ کیا گیا کہ اس حملے میں بیس پر موجود مزید 3 ایف-35 جنگی طیاروں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔
پاسداران انقلاب نے ایک اور بیان میں دعویٰ کیا کہ کویت کے علی السالم ایئربیس پر حملے میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹرز بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے مطابق آپریشن نصر 2 کے تسلسل اور جارح امریکی حملہ آور کو سبق سکھانے کے لیے امریکی علی السالم ایئربیس کو نشانہ بنایا گیا، جہاں دو ڈرون ہینگرز اور ایک ایئرکرافٹ فیول ٹینک میں آگ لگ گئی اور وہ تباہ ہو گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علی السالم ایئربیس پر کیے گئے حملے میں امریکی فوج کے ہیلی کاپٹرز بھی تباہ ہوئے اور مزید نقصان پہنچا ہے۔






