لاہور (آئی این پی) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کی کارکردگی پوچھتے ہیں تو وہ چھپاتے پھرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے کراچی کے لوگوں کو ٹینکر مافیا کے حوالے کر رکھا ہے، جبکہ وفاق کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنایا جاتا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پچھلے سیلاب میں بلاول بھٹو نے مشورہ دیا تھا کہ خیرات مانگنے نکل جائیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کے لیے کام کروایا، وفاق نے کوئی سپورٹ نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ رونا دھونا پتہ نہیں کیوں ان کی عادت بن گئی ہے، اگر دوسری طرف سے سیاسی درجہ حرارت کم ہوگا تو ہماری طرف سے بھی کمی آئے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ کے ہسپتال اتنے اچھے ہیں تو ان کے وزرا بیرون ملک علاج کروانے کیوں جاتے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی توجہ ہے۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا کارڈ کھیلتی ہے، پیپلز پارٹی کے اپنے لیے اصول کچھ اور ہیں جبکہ دوسروں کے لیے کچھ اور۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ جنوبی پنجاب کا کارڈ کھیلیں اور سندھ میں انتظامی یونٹس نہ بنائے جا سکیں۔






