گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن فیس میں بڑا اضافہ

لاہور (آئی این پی) گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کے نظام میں تبدیلی کے بعد سروسز چارجز میں اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ فنانس بل کے تحت گاڑی شوروم سے نکلنے سے قبل ہی رجسٹرڈ کی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے پنجاب بھر کے تمام ڈیلرز کو ڈیلر وہیکلز رجسٹریشن سسٹم (ڈی وی آر ایس) کا حصہ بنایا جائے گا۔

ایکسائز حکام نے سروس چارجز میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ نئی تجویز کے مطابق موٹر سائیکل کے سروس چارجز 500 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے جبکہ گاڑیوں کے سروس چارجز 2000 روپے سے بڑھا کر 4000 روپے کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق پنجاب کی تمام موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز کو ڈیلرز کی رجسٹریشن کے لیے فہرستیں فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیلرز سے رابطہ کرکے انہیں رجسٹریشن کے عمل میں شامل ہونے کی دعوت دیں۔

ایکسائز حکام کے مطابق ڈی وی آر ایس کے لائسنس کے اجرا کو آسان بنانے اور فیس میں کمی کے لیے سمری حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔ اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ 11 برس سے صرف 102 ڈی وی آر ایس لائسنس یافتہ موجود ہیں، جن میں 96 ڈیلرز کو موٹر سائیکلوں جبکہ 6 ڈیلرز کو کاروں کی رجسٹریشن کا اختیار حاصل ہے۔