پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے صوبے کے تمام نجی اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں میں سے 10 فیصد طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں نجی اسکولوں کی جانب سے 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کی شرط پر عمل نہ کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ کمیٹی نے تمام پرائیویٹ اسکولوں کو ہدایت کی کہ وہ 10 دن کے اندر اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
اجلاس میں ایک رکن کمیٹی نے تجویز دی کہ مفت تعلیم کے لیے صرف اسکولوں کے فراہم کردہ ڈیٹا پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ محکمہ اسکول ایجوکیشن خود مستحق بچوں کی نشاندہی کر کے انہیں نجی اسکولوں میں داخل کروائے تاکہ شفافیت اور تصدیق کا عمل آسان بنایا جا سکے۔
چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ جو نجی اسکول مقررہ مدت میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے فیصلے پر عمل نہیں کریں گے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر ان کے لائسنس منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔
اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ 10 فیصد مفت تعلیم کے قانون پر عملدرآمد کے لیے تمام نجی اسکولوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔






