اسکولوں میں گرمی کی چھٹیوں میں بھی کلاسز ہوں گی؟ طالبعلموں کے لیے اہم خبر

اسکولوں نے تعلیمی تعطل کی وجہ سے موسمِ گرما کی تعطیلات میں ‘سمر کیمپس’ لگانے کا مطالبہ کردیا ، کیمپس صبح 7:00 بجے سے 10:00 بجے تک لگائے جائیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے نجی اسکولوں نے حکومت سے موسمِ گرما کی طویل تعطیلات کے دوران سمر کیمپس منعقد کرنے کی باقاعدہ اجازت مانگ لی۔

اسکول مالکان کا موقف ہے کہ حالیہ غیر اعلانیہ چھٹیوں اور تعلیمی تعطل کی وجہ سے طلبہ کا بڑے پیمانے پر تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔

نجی اسکولوں کی نمائندہ تنظیموں نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ سمر کیمپس صبح 7:00 بجے سے 10:00 بجے تک لگانے کی اجازت دی جائے کیونکہ صبح کے وقت موسم خوشگوار ہوتا ہے، جس سے طلبہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے محفوظ رہتے ہوئے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گے۔

اسکول مالکان کا اصرار ہے کہ بار بار کی چھٹیوں نے تعلیمی کیلنڈر کو درہم برہم کر دیا ہے، جس سے طلبہ میں ‘لرننگ گیپ’ پیدا ہو رہا ہے۔ سمر کیمپس اس تعلیمی خسارے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں عام طور پر ایک ماہ کے لیے سمر کیمپس کی اجازت دی جاتی رہی ہے، تاہم اس سال صورتحال مختلف ہو سکتی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی باقاعدہ منظوری کے بعد ہی کیا جائے گا۔

تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد اور والدین اب حکومت کے فیصلے کے منتظر ہیں، جو یہ طے کرے گا کہ آیا اس سال تعطیلات کے دوران منظم تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی یا نہیں۔

پنجاب کے نجی اسکولوں کا تعلیمی نقصان پورا کرنے کے لیے سمر کیمپس لگانے کا مطالبہ۔

گرمی کی چھٹیوں میں سمر کیمپس لگیں گے یا نہیں؟ حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کریں گی۔

نجی اسکولوں کی صبح 7 سے 10 بجے تک سمر کیمپس کی تجویز؛ محکمہ تعلیم کو مراسلہ ارسال۔

غیر اعلانیہ چھٹیوں سے پڑھائی کا حرج؛ نجی اسکولوں کا موسمِ گرما میں کلاسز لگانے کا اصرار۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close