آپ کو بجلی کے ماہانہ بل میں کتنے روپے سبسڈی مل رہی ہے؟ چیک کرنے کا آسان طریقہ جانئے

بجلی صارفین کے لیے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایا جارہا ہے ، جس میں کیو آر کوڈ اسکین کر کے ماہانہ بلوں پر سبسڈی کی رقم پتہ کرسکیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کے صارفین کے لیے ایک نیا طریقہ کار وضع کیا ہے جس کے تحت اب حکومتی سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کے ماہانہ بلوں پر سبسڈی کی درست رقم واضح طور پر درج ہوگی، اس اقدام کا مقصد بجلی کے بلوں میں شفافیت لانا اور ریلیف کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بلوں پر کیو آر کوڈز (QR Codes) متعارف کروانا شروع کر دیے ہیں ، صارفین کو اپنے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کر کے ایک آن لائن لنک کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔

اس سسٹم کا مقصد مستحق گھرانوں کی تصدیق کرنا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سبسڈی کا فائدہ صرف کم آمدنی والے اور کم بجلی استعمال کرنے والے خاندانوں تک ہی پہنچ رہا ہے۔

وزارتِ توانائی نے واضح کیا ہے کہ اس نئے اقدام کا مطلب سبسڈی کا خاتمہ ہرگز نہیں ہے، یہ صرف ایک تادیبی اور تصدیقی عمل ہے تاکہ عوامی فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا لیکیج کو روکا جا سکے۔

پاور ڈویژن نے تمام متعلقہ صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل میں سبسڈی کے حصول میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے بچنے کے لیے جلد از جلد کیو آر کوڈ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔ کسی بھی تکنیکی دشواری یا بل میں غلطی کی صورت میں صارفین کو اپنی متعلقہ بجلی کمپنی کی ہیلپ لائن سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close