مہنگائی کا نیا جھٹکا، پٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا

اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا، جس کے بعد پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مزید مہنگا ہوگیا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 81 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 59 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

قیمتوں میں تازہ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 341 روپے 59 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 368 روپے 29 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 22 اگست سے 24 اگست 2026 تک ہوگا۔ اس طرح آئندہ تین روز کے دوران شہریوں کو پٹرول اور ڈیزل کی خریداری پر اضافی رقم ادا کرنا پڑے گی۔

حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حالیہ دنوں کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور خطے کی صورتحال کے باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔