وفاقی کابینہ نے پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 15.51 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین پر دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر فی لیٹر 2 روپے 68 پیسے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کے فی لیٹر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے جبکہ ڈیزل کے فی لیٹر مارجن میں بھی 1 روپے 34 پیسے کا اضافہ ہوگا۔
اضافے کے بعد پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن بڑھ کر فی لیٹر 9 روپے 98 پیسے ہوجائے گا، جبکہ اس وقت دونوں مصنوعات پر الگ الگ 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ڈیلرز مارجن عائد ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 14 اگست کے فیصلے کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پٹرول اور ڈیزل پر مجموعی ڈیلرز مارجن فی لیٹر 19 روپے 96 پیسے ہوجائے گا۔






