*بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش کو “اچھا قدم” قرار دے دیا*
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کو خوش آئند قرار دے دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ مذاکرات ہوں تاکہ سیاسی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ اسی طرح ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالا جا سکتا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش آ رہی ہے، یہ اچھی بات ہے اگر وزیراعظم صاحب مذاکرات کے لیے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کر دیا جائے گا۔ “یہاں تک پہنچنے میں بڑا وقت لگا، امید ہے رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔”
ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام کا مینڈیٹ ہے کہ وہ کس کو پسند اور کس کو ووٹ دیتے ہیں۔ “ہم آئین کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔”
اس سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ “اپوزیشن کو ایک بار پھر بامقصد مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ اب یہ اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کب تک میز پر آتے ہیں۔”






