ملک بھر میں سوئی گیس کے کم پریشر اور قلت کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ کئی علاقوں میں اس کی مبینہ بلیک مارکیٹنگ کی بھی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
شہریوں کے مطابق مختلف مارکیٹوں میں ایل پی جی 400 سے 430 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، حالانکہ سرکاری طور پر اس کی قیمت 241 روپے فی کلو مقرر ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ وہ سوئی گیس کے بھاری بل ادا کرنے کے باوجود کم پریشر اور گیس کی قلت کے باعث کھانا پکانے کے لیے مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کے مطابق گیس اور ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سب سے زیادہ بوجھ متوسط اور سفید پوش طبقے پر پڑ رہا ہے، جس کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی فروخت سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنائی جائے اور سوئی گیس کی فراہمی سے متعلق مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔






