آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی عوام کا ن لیگ کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ،وزیراعظم کا اہم بیان سامنے آ گیا

آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ یہ انتخابی کامیابی قائد نواز شریف اور پارٹی کی پوری ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں کامیاب انتخابی مہم چلائی، جبکہ یہ کامیابی آزاد کشمیر کے عوام کے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مختلف سیاسی جماعتوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا، جس سے جمہوری عمل مزید مضبوط ہوگا۔

آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے کے 20 میں سے 19 حلقوں کے مکمل غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 14 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔