سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق ہائی کورٹ کا 23 جون کا فیصلہ معطل کر دیا

مظفرآباد: سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے پاکستان تحریک انصاف کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا 23 جون کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر کی عبوری رجسٹریشن بحال کرنے سے متعلق ہائی کورٹ کے گزشتہ ہفتے کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔

چیف جسٹس سعید اکرم راجہ کی سربراہی میں قائم فل بینچ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کیس کی باقاعدہ سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دے دیا۔ اس فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر ایک بار پھر اپنے روایتی انتخابی نشان بلے سے محروم ہو گئی ہے۔

عدالت نے کیس کی آئندہ تفصیلی سماعت 2 جولائی کو مقرر کی ہے، جس دوران فریقین کے دلائل سنے جائیں گے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے 23 جون کے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کو پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کو بطور سیاسی جماعت رجسٹر کرنے کا حکم دیا تھا، جسے اب سپریم کورٹ نے عبوری طور پر معطل کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close