چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ایران جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایران کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم 3 سے 4 جولائی تک ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ ایران جائیں گے، جبکہ اس دورے کے دوران بلاول بھٹو کی ایرانی صدر اور دیگر اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران سے واپسی پر بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوگئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق 6 جولائی کو تہران کی انقلاب روڈ، لشکری روڈ اور آزادی روڈ پر شہید آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی، جبکہ تہران، قم اور مشہد میں ان کے اہلِ خانہ کی نماز جنازہ بھی ہوگی۔

نماز جنازہ میں ملک اور بیرونِ ملک سے ڈیڑھ سے دو کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ نماز جنازہ کے بعد شہید آیت اللہ خامنہ ای کو مشہد میں امام رضاؑ کے روضہ مبارک کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close