10 نئی بکتر بند گاڑیاں محسن نقوی نے خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کر دیں

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس کے لیے خریدی گئی گاڑیوں کو خیبرپختونخوا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کو مزید مؤثر اور پولیس کی آپریشنل صلاحیت کو مضبوط بنایا جا سکے۔

 

یہ اقدام خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ بکتر بند گاڑیاں کارروائیوں کے دوران اہلکاروں کو تحفظ اور خطرناک علاقوں میں محفوظ نقل و حرکت میں معاون ثابت ہوں گی۔

 

وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی ذمہ داری ہے اور وفاقی حکومت کے پی پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔