راولپنڈی ، الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی نے برطانیہ کے رائل کالج آف آفتھلمولوجسٹس کے فیلوشپ امتحانات کی مسلسل تیسری بار میزبانی کی جو پاکستان میں آنکھوں کے امراض کی خصوصی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ میں اہم پیش رفت ہے۔ امتحانات میں 71
امیدواروں نے حصہ لیا۔ امتحانی عمل میں الشفا ٹرسٹ کے پانچ ممتحنین کے ساتھ مختلف ممالک سے آنے والے 15 بین الاقوامی ممتحنین نے خدمات انجام دیں۔
دوسرے ممالک کے امیدواروں نے بھی امتحانات میں شرکت کی۔الشفا ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا کہ برطانوی ادارے کی جانب سے مسلسل تیسری بار ہسپتال کا انتخاب اس کی طبی سہولتوں، تعلیمی ماحول اور بین الاقوامی معیار کے امتحانات منعقد کرنے کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اشتراک سے پاکستانی ماہرین چشم کو بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ تجربات اور علم کے تبادلے کا موقع ملتا ہے۔
پاکستان میں امتحانات منعقد ہونے سے مقامی ڈاکٹروں کو بیرون ملک سفر اور قیام کے اخراجات کے بغیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پیشہ ورانہ سند حاصل کرنے کی کوشش میں سہولت ملتی ہے۔رائل کالج نے الشفا ٹرسٹ کے ساتھ اشتراک کے بعد پہلی بار 2024 میں یہاں امتحانات منعقد کیے تھے۔
اس اقدام سے پاکستانی ماہرین چشم کے لیے ملک میں رہتے ہوئے فیلوشپ امتحانات میں شرکت کا راستہ کھلا۔برطانوی ممتحنین میں رائل کالج کی قائم مقام ڈائریکٹر امتحانات سوفی ڈونوون، ماہر امراض چشم اسامہ گیاسین اور محمد محی الدین شامل تھے۔
رحمت خان نے کہا کہ ان امتحانات کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے اور ٹرسٹ مستقبل میں بھی بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی طبی تربیت کے بہتر مواقع سے پیچیدہ امراض چشم کی تشخیص اور علاج کے لیے مقامی مہارت بڑھانے میں مدد مل سکتی ہےجس کا فائدہ بالآخر مریضوں کو پہنچے گا۔






