پٹرول پر لیوی کی صورت میں جگا ٹیکس ختم کرنا ہوگا، امیر جماعت اسلامی

کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے ناجائز معاہدوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، حکومت نے پٹرول پر لیوی کی صورت میں جگا ٹیکس عائد کر رکھا ہے، اسے ختم کرنا ہوگا۔

شہر قائد میں احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کی قوت خرید شدید متاثر ہو چکی ہے، پٹرول کی قیمت 400 روپے فی لٹر تک پہنچا دی گئی، جبکہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکمرانوں نے ایسے معاہدے کیے جنہوں نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا۔ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے معاملے سمیت طاقتور مافیاز کے خلاف احتجاج کرکے عوام کو ان کے حقوق سے آگاہ کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے پٹرول پر لیوی کی صورت میں جگا ٹیکس عائد کر رکھا ہے، اسے ختم کرنا ہوگا۔ حکومت کی جانب سے دیا گیا ریلیف پیکیج جماعت اسلامی کے احتجاج کا نتیجہ ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان بھر میں جماعت اسلامی کے احتجاجی کیمپ قائم ہیں اور ان کی جدوجہد صرف عوام کے مفادات کے لیے ہے۔ عوام کو شعور حاصل کرنا ہوگا کہ ان کے خلاف کہاں کہاں زیادتی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکسوں کا بڑا حصہ قرضوں پر سود کی ادائیگی میں خرچ ہو جاتا ہے، جبکہ پاکستان کو اس وقت ایسی پوزیشن کا سامنا نہیں کہ اسے ڈیفالٹ کیا جا سکے۔

امیر جماعت اسلامی نے پنجاب حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا۔ مریم نواز نے پنجاب میں زراعت، تعلیم اور دیگر شعبوں کو نقصان پہنچایا، جبکہ سرکاری تعلیم کا نظام بھی متاثر ہوا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ گھوٹکی کے ایک سکول میں 23 طلبہ کے مقابلے میں 35 اساتذہ موجود ہیں، جو حکومتی نظام میں موجود مسائل کی نشاندہی کرتا ہے۔