*سوشل میڈیا سے کمائی کرنے والوں کے لیے بری خبر، ایف بی آر نے نیا ٹیکس نظام متعارف کرا دیا*
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنے والوں کے لیے ٹیکس کا خصوصی طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نئے قواعد کے مطابق انکم ٹیکس رولز میں ایک نیا باب شامل کیا گیا ہے، جو پاکستان میں سوشل میڈیا سے کمانے والے تمام رہائشی افراد پر لاگو ہوگا۔
*نئے قواعد کی اہم تفصیلات:*
*1. اخراجات کی کٹوتی:* سوشل میڈیا آمدن میں سے اخراجات کی زیادہ سے زیادہ 30 فیصد تک کٹوتی کی اجازت ہوگی۔ قابل ٹیکس آمدن کا حساب مجموعی آمدن میں سے قابل قبول اخراجات نکال کر کیا جائے گا۔
*2. آمدن کا حساب:* مجموعی آمدن کا حساب ویوز اور حقیقی آمدن دونوں کی بنیاد پر ہوگا۔ اس کے لیے فی ہزار ویوز (CPM) کی آمدن کا فارمولہ بھی استعمال کیا جائے گا۔ نقد یا کسی بھی دوسری شکل میں ملنے والی اصل آمدن کو بھی حساب میں شامل کیا جائے گا۔
*3. ایڈوانس ٹیکس اور ریٹرن:* سوشل میڈیا کری ایٹرز کو ہر سہ ماہی میں ایڈوانس ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور انکم ٹیکس ریٹرن میں اپنی سوشل میڈیا آمدن کو الگ حصے میں ظاہر کرنا ہوگا۔
*4. کم آمدن کا دعویٰ:* اگر کوئی شخص اپنی اصل آمدن مقررہ حد سے کم ظاہر کرے گا تو اسے اس کا ثبوت کمشنر ان لینڈ ریونیو کو دینا ہوگا۔ اگر آمدن کم بتائی گئی تو کمشنر اسے درست کرنے کا مجاز ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق اس قانون کا اطلاق تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، سوشل میڈیا کانٹینٹ اور ریمنریٹو (Remunerative) کانٹینٹ پر ہوگا۔






