شادی کی تقریبات پر بڑی پابندی: حکومت نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا

وفاقی حکومت نے شادی بیاہ کی تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کی پابندی عائد کردی، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے معاشی کفایت شعاری اقدامات کے تحت شادیوں سمیت دیگر تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سفارتی تقریبات کے علاوہ سرکاری سطح پر ہونے والی تمام رات کی ضیافتوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تاہم غیر ملکی وفود کے اعزاز میں دی جانے والی ضیافتیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

حکومت نے سرکاری مالی معاونت سے ہونے والے سیمینارز، تربیتی نشستوں اور کانفرنسوں کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ ناگزیر سرکاری تقریبات صرف سرکاری ہالز، آڈیٹوریمز اور کمیٹی رومز میں منعقد کی جاسکیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ان قواعد سے استثنیٰ کی درخواستوں کا انفرادی طور پر مانیٹرنگ کمیٹی جائزہ لے گی، جبکہ کمیٹی اپنی سفارشات حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔