وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا نجی دورۂ لندن: سرکاری لگژری جہاز کے اخراجات کس نے اور کتنے ادا کیے؟ ، اہم خبر آ گئی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انگلینڈ میں اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال پر اٹھنے والے تمام اخراجات کی ادائیگی کر دی ہے۔

 

مریم نواز رواں ماہ کے آغاز میں اپنی بیٹی ماہ نور صفدر کی گریجویشن میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں اور اس سفر کے لیے پنجاب حکومت کا گلف اسٹریم جی 500 طیارہ استعمال کیا تھا جسے انہوں نے نجی دورہ قرار دیا تھا۔ یہ وہی لگژری طیارہ ہے جس کی خریداری پر حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

 

اپوزیشن نے نجی سفر کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کو عوامی پیسے کا ضیاع قرار دیا تھا۔ اس پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ جہاز کے تمام اخراجات اپنے پاس سے ادا کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزٹ ختم ہونے پر تخمینہ لگتا ہے اور چالان کے ذریعے ادائیگی ہوتی ہے۔

 

بعد ازاں 17 ستمبر کو عمر عباس نامی شہری کے ذریعے بینک آف پنجاب کے چیک سے 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے نیشنل بینک کی ویلنشیا برانچ لاہور میں حکومت پنجاب کے خزانے کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے۔ رسید پر 18 ستمبر کی مہر پر تنقید ہوئی تو عظمیٰ بخاری نے کہا بینکوں میں چیک جمع ہونے کے بعد کلیئرنس اگلے دن ہی ہوتی ہے۔